اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے عدم پیشی پر نیب کی درخواست پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس پر ان کے وکیل
خواجہ حارث نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔عدالت نے نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 2 نومبر تک انہیں پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے ملزم اسحاق ڈار کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔استغاثہ کی جانب سے آج 4 گواہ عدالت میں پیش کئے گئے جن میں مسعود غنی، عبدالرحمان گوندل، فیصل شہزاد اور محمد عظیم شامل ہیں۔استغاثہ کےگواہ عبدالرحمان گوندل نے 2 تھیلوں میں مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جس کے بعد اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے اس کا جائزہ بھی لیا۔ سماعت شروع ہوئی تو اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل طبی معائنے کے لئے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کے بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی اور دیگر ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے، اس لئے آج کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔خواجہ حارث نے کہا کہ اسحاق ڈار جمعرات کو عدالت میں پیش ہوجائیں گے، اگر آپ گواہوں کے بیانات رکارڈ کرانا چاہتے ہیں تو کوئی اعتراض نہیں۔ خواجہ حارث نے اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی،واضح رہے کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس وقت لندن میں موجود ہیں۔
The post گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم appeared first on JavedCh.Com.
from JavedCh.Com http://ift.tt/2zPSJsT
Comments
Post a Comment